دبئی،19اکتوبر(ایجنسی) سعودی عرب میں شاہی خاندان کے ایک فرد کا قتل کے جرم میں سرقلم کردیا گیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں شہزادہ ترکی بن سعود الکبیر کا سرقلم کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
مقامی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کے مطابق شہزادہ تركی بن سعود بن تركی بن سعود الكبيرنے دارالحکومت
الریاض کے نواح میں واقعے علاقے الثمامہ میں ایک گروہی لڑائی جھگڑے کے دوران سعودی شہری عادل بن سلیمان بن عبدالکریم المحيميد کو قتل کردیا تھا۔
حکام نے اس شہزادے کو گرفتار کر لیا تھا اور واقعے کی تفتیش کے بعد اس کے خلاف نوجوان کے قتل کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔سعودی عرب کی ایک عمومی عدالت نے تین سال قبل شہزادہ ترکی کو قتل کے جرم میں قصوروار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔